Wed, September 16, 2026

موٹر وے ایم ٹو پر دلخراش حادثہ: بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم، دو افراد جاں بحق، متعدد زخمی

موٹر وے ایم ٹو پر دلخراش حادثہ: بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم، دو افراد جاں بحق، متعدد زخمی

بھیرہ :  موٹر وے ایم ٹو پر بھیرہ کے قریب ایک افسوسناک حادثے میں نجی کمپنی کی بس اور ٹریلر کے درمیان شدید ٹکر ہو گئی، جس کے نتیجے میں بس کا ڈرائیور اور ہوسٹس موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے میں چار مسافر شدید زخمی ہوئے ہیں، جب کہ چھ افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق، بس لاہور سے اسلام آباد جا رہی تھی، اور جیسے ہی اس واقعے کی اطلاع موٹر وے پولیس کو ملی، فوراً امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ریسکیو کی ایمبولینس کے ذریعے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھیرہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق، بس کے ڈرائیور کی توجہ روڈ سے ہٹنے کی وجہ سے یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ اس دوران، وہ بس پر قابو نہ رکھ سکا اور بس موٹر وے سے نیچے جا گری۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمی افراد کی شناخت کی جا رہی ہے، جب کہ حکام نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کے اسباب کا پتا چلایا جا سکے۔

ٹیگز: