Wed, September 16, 2026

پی ٹی اے نے بقایاجات نہ چکانے پر پانچ ایل ڈی آئی کمپنیوں کی خدمات معطل کر دیں

پی ٹی اے نے بقایاجات نہ چکانے پر پانچ ایل ڈی آئی کمپنیوں کی خدمات معطل کر دیں

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مالی واجبات کی عدم ادائیگی پر پانچ بڑی لانگ ڈسٹینس اینڈ انٹرنیشنل (ایل ڈی آئی) کمپنیوں کے لائسنس معطل کرتے ہوئے فوری طور پر ان کے تمام آپریشنز روکنے کا حکم دے دیا ہے۔

معطل شدہ کمپنیوں میں ورلڈ کال، وطین ٹیلی کام، وائز کمیونیکیشن، ٹیلی کارڈ اور سرکل نیٹ شامل ہیں۔ پی ٹی اے نے ان کمپنیوں کو بقایا رقوم ایک ماہ کے اندر ادا کرنے کی مہلت دی تھی، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود رقوم جمع نہ ہونے پر یہ سخت اقدام اٹھایا گیا۔

اتھارٹی نے موبائل نیٹ ورک آپریٹرز اور ویلیو ایڈڈ سروس فراہم کرنے والوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ان کمپنیوں کو دی جانے والی تمام ٹیلی کام سہولیات فوراً معطل کر دیں۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، مختلف کمپنیوں کے ذمے بھاری واجبات موجود ہیں جن میں وطین ٹیلی کام پر 6 ارب 25 کروڑ روپے، سرکل نیٹ پر 5 ارب 90 کروڑ روپے، ورلڈ کال پر 5 ارب 69 کروڑ روپے، ٹیلی کارڈ پر 4 ارب 7 کروڑ روپے، ملٹی نیٹ پر 1 ارب 41 کروڑ روپے اور ریڈٹون پر 14 ارب 31 کروڑ روپے کے واجبات ہیں۔

پی ٹی اے نے تمام کمپنیوں کے کیسز کی الگ الگ سماعت کی، لیکن واجبات کی ادائیگی اور لائسنس کی تجدید کے حوالے سے کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہ ہو سکی۔

رپورٹ کے مطابق، مذکورہ کمپنیوں کے ذمے 24 ارب روپے کی اصل رقم اور 56 ارب روپے کا سرچارج واجب الادا ہے۔ پاکستان میں کل 13 ایل ڈی آئی کمپنیاں کام کر رہی ہیں، جن میں سے چار کمپنیوں کے لائسنس 2024 میں تجدید کیے گئے، سات کمپنیوں کے لائسنس کی مدت 2024 میں ختم ہو چکی جبکہ دو کمپنیوں کے لائسنس بالترتیب 2025 اور 2026 میں ختم ہوں گے۔

یونیورسل سروس فنڈ سے متعلق اے پی سی چارجز بھی ان کمپنیوں پر سالہا سال سے واجب الادا ہیں۔ پی ٹی اے نے وزارت آئی ٹی کے مراسلے اور عدالتی احکامات کی روشنی میں یہ کارروائی مکمل کی۔

ٹیگز: