جرمنی : جرمنی میں رہائش پذیر ایک تھیراپی گھوڑا "پوموکل" کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کا سب سے چھوٹا زندہ گھوڑا قرار دے دیا ہے۔ اس کی اونچائی صرف 21.1 انچ ہے۔
کیرولا ویڈمان نامی خاتون نے 2020 میں اس گھوڑے کو گود لیا تھا، جب پوموکل صرف 5 ماہ کا تھا اور اس کا قد تقریباً 18 انچ تھا۔ کیرولا نے کہا کہ "جب میں نے پوموکل کو پہلی بار دیکھا، تو مجھے حیرت ہوئی کیونکہ اس سے پہلے میں نے اتنا چھوٹا گھوڑا کبھی نہیں دیکھا تھا۔"
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے پوموکل کے قد کی تصدیق کی، جو اس کے کاندھوں سے گردن کے اوپری حصے تک ناپا گیا۔ اس کا قد 21.1 انچ ہے، اور یہ سابقہ ریکارڈ ہولڈر سے تقریباً ڈیڑھ انچ چھوٹا ہے۔
پوموکل ایک تربیت یافتہ تھیراپی گھوڑا ہے جو نرسنگ ہومز، ہوسپیسز (قریب المرگ مریضوں کی دیکھ بھال کے مراکز)، اسکولوں اور معذور افراد کی سہولتوں میں دورے کرتا ہے۔ کیرولا کا کہنا تھا کہ پوموکل ایک بہت خوش مزاج گھوڑا ہے، جو بچوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتا ہے اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بننا اسے بہت اچھا لگتا ہے۔