Wed, September 16, 2026

ڈرائیونگ میں لاپرواہی اب  مہنگی پڑے گی: پنجاب میں ٹریفک جرمانوں میں 10 گنا اضافہ

ڈرائیونگ میں لاپرواہی اب  مہنگی پڑے گی: پنجاب میں ٹریفک جرمانوں میں 10 گنا اضافہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں جرمانے 10 گنا تک بڑھانے، والدین پر کم عمر ڈرائیورز کی ذمہ داری ڈالنے اور جدید ٹریفک نظام متعارف کروانے کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں طے پایا کہ کم عمر ڈرائیور کی صورت میں اس کے والدین کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، جبکہ ون ویلنگ، خطرناک ڈرائیونگ، اور دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر سخت جرمانے اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ گاڑیوں سے باہر لٹکتے سریے کو فوری روکا جائے اور ایسی گاڑیاں بند کی جائیں۔ خراب یا بند ہیڈ لائٹس کے ساتھ گاڑی چلانے پر بھی کارروائی ہو گی۔

ٹریفک جام سے بچاؤ کے لیے سڑکوں کے کنارے ڈیجیٹل اسکرینز نصب کرنے کی ہدایت جاری کی گئی، جبکہ ٹریفک چالان کے ساتھ ویڈیو اور تصویری شواہد بھی منسلک کیے جائیں گے تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔

لاہور کے 77 اور پنجاب کے 372 اہم ٹریفک پوائنٹس کی ری ماڈلنگ پر بھی مشاورت کی گئی۔ ٹریفک وارڈنز کو "ان کیمرہ چالان" کا اختیار دینے اور ان کی وردیاں تبدیل کرنے پر بھی غور ہوا، جبکہ جدید پٹرولنگ گاڑیوں اور آلات کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ "ٹریفک کا نظام صرف تب بدلے گا جب ہماری نیت، حکمت عملی اور عمل ایک ساتھ ہو۔" انہوں نے کہا کہ وہ خود مختلف شاہراہوں پر نکل کر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں تاکہ عملی اصلاحات کی جا سکیں۔

ٹیگز: