لاہور: یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کے سربراہ ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بزنس کمیونٹی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، تاہم موجودہ حالات میں صنعت کاروں اور تاجروں کو بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے۔
ایس ایم تنویر نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی مصنوعات کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ (آزاد تجارت) کے معاہدے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم عالمی منڈیوں کے ساتھ جڑیں گے نہیں، برآمدات میں اضافہ ممکن نہیں ہوگا۔
یورپی یونین کی جانب سے دی جانے والی تجارتی مراعات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سربراہ یو بی جی نے کہا جی ایس پی پلس اسٹیٹس کا حصول اور اسے برقرار رکھنا کسی ایک فرد کا کام نہیں تھا، بلکہ اس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز اور کاروباری برادری نے ایک ٹیم بن کر کام کیا، جس کے ثمرات آج ملکی صنعت کو مل رہے ہیں۔انہوں نے اعتراف کیا کہ "ہم اس وقت سخت معاشی دباؤ میں ہیں، لیکن ہم مایوس نہیں ہیں۔" انہوں نے حکومت کو یقین دلایا کہ اگر تاجروں کے لیے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں تو معیشت بہت جلد اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکتی ہے۔