Wed, September 16, 2026

پاک چین اقتصادی شراکت داری اور سکیورٹی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی سفیر سے اہم ملاقات، بزنس کانفرنس بلانے کا فیصلہ

پاک چین اقتصادی شراکت داری اور سکیورٹی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی سفیر سے اہم ملاقات، بزنس کانفرنس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس اہم ملاقات میں پاکستان میں مقیم چینی سرمایہ کاروں کی سکیورٹی اور ان کے تحفظ کے لیے نئے عملی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں چینی بزنس کمیونٹی کو درپیش سکیورٹی مسائل کے مستقل حل کے لیے ایک خصوصی بزنس کانفرنس منعقد کرنے کا بڑا فیصلہ کیا گیا، جس کی حکمت عملی درج ذیل ہے۔ پاکستان میں موجود چینی بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کر کے ان کے خدشات سنے جائیں گے،پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کے خواہشمند چینی سرمایہ کاروں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے خصوصی سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی سفیر کو یقین دلایا کہ غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے "سپیشل پروٹیکشن یونٹ" کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ  چینی شہریوں کی حفاظت ہمارے لیے ریڈ لائن ہے، اور اس مقصد کے لیے جدید خطوط پر استوار سکیورٹی یونٹ ہمہ وقت تیار رہے گا۔
چینی سفیر نے حکومتِ پاکستان کے ان اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور سکیورٹی کے حوالے سے وزیر داخلہ کی ذاتی دلچسپی کو سراہا۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک مل کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنائیں گے اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔

ٹیگز: