Wed, September 16, 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہم پریس کانفرنس: بانی پی ٹی آئی کی صحت اور احتجاج پر اہم انکشافات

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی اہم پریس کانفرنس: بانی پی ٹی آئی کی صحت اور احتجاج پر اہم انکشافات

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بانی پی ٹی آئی کی صحت اور جیل میں دستیاب سہولیات کے حوالے سے جاری افواہوں کی سخت تردید کرتے ہوئے اسے ایک "منظم پروپیگنڈا" قرار دے دیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ یہ سفید جھوٹ بولا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی 85 فیصد بینائی چلی گئی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ میڈیکل رپورٹ آچکی ہے اور چیک اپ بھی مکمل ہو چکا ہے، جس میں بانی کے اپنے معالجین نے اعتراف کیا ہے کہ ان کا بہترین علاج ہو رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے علیمہ خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے جھوٹ کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کا تین دن تک علاج نہ ہوسکا۔
محسن نقوی نے کہا کہ "اگر ہمیں سیاسی انتقام لینا ہوتا تو ہم جیل میں سختی کر دیتے، لیکن ہم نے انہیں وہ سہولتیں دیں جو عام قیدیوں کے وہم و گمان میں بھی نہیں۔" انہوں نے میڈیا کو دعوت دی کہ وہ خود جیل جا کر دیکھیں کہ بانی پی ٹی آئی کو کتنی زیادہ سہولتیں ملی ہوئی ہیں اور سوال اٹھایا کہ کیا جیلوں میں موجود دیگر ہزاروں قیدیوں کو بھی ایسی سہولتیں حاصل ہیں؟
مذاکرات کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان اس وقت کوئی بات چیت نہیں ہو رہی اور نہ ہی کسی کو این آر او (NRO) دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سخت لہجے میں وارننگ دی کہ اگر کسی کو احتجاج یا ملک پر دھاوا بولنے کا شوق ہے تو وہ شوق پورا کر کے دیکھ لے، قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

ٹیگز: