لاہور: سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر سکیورٹی انتظامات کیے، جن میں ایک لاکھ 24 ہزار اہلکاروں نے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ صوبے میں اسموگ کے خاتمے اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے بھی مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے کی ترقی، عوامی سہولت اور خوشحالی کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کو بھی ترجیح دے رہی ہے اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر توجہ مرکوز ہے۔
سینئر وزیر نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں کٹوتی کی تحاریک کے دوران سیاسی گفتگو کے بجائے عوامی مسائل پر بات ہونی چاہیے، جبکہ اختلاف رائے میں ذاتی تنقید سے گریز ضروری ہے۔