Wed, September 16, 2026

حکومتی کوششوں سے معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے، اسحاق ڈار

حکومتی کوششوں سے معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے، اسحاق ڈار

نیویارک: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے بروقت فیصلے کر کے ملک کو معاشی تباہی سے بچایا۔ اگر پچھلی حکومت (پی ٹی آئی) مزید چھ ماہ رہتی تو پاکستان دیوالیہ ہو چکا ہوتا۔

نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے معیشت میں بہتری آئی ہے، مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، اور زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ہمارا مقصد پاکستان کو دنیا کی بڑی معیشتوں کے گروپ جی 20 میں شامل کرنا ہے۔

اسحاق ڈار نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا سرمایہ قرار دیا اور کہا کہ ان کے مسائل حل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اس وقت عالمی سطح پر سفارتی طور پر سرگرم ہے، اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ان کی حالیہ ملاقات بہت مفید رہی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان رواں ماہ کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال رہا ہے، جو بڑی کامیابی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہے اور ان کی رہائی کے لیے بھرپور کوششیں کی گئی ہیں، حتیٰ کہ صدر جوبائیڈن سے بھی معافی کی درخواست کی گئی ہے۔ افغانستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان قیادت کو صاف پیغام دیا ہے کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔

انہوں نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ چاہے وہ رافیل طیاروں کا معاملہ ہو یا آپریشن "بُنيان مرصوص"، پاکستان نے بہادری سے دشمن کو جواب دیا۔ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے خود جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔

اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دو ریاستی حل چاہتا ہے اور مسئلہ فلسطین کا پرامن حل ضروری ہے۔

ٹیگز: