اسلام آباد / راولپنڈی: پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ نے سرحد پار دہشت گردوں کے مراکز پر کاری ضرب لگاتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان سرزمین سے ہونے والی اشتعال انگیزی کے بعد پاک فضائیہ کے طیاروں نے صوبہ لغمان اور ننگر ہار میں دہشت گردوں کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس کارروائی میں دشمن کی دفاعی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔پاک فضائیہ کی بھرپور جوابی کارروائی میں درج ذیل اہم اہداف کو مکمل طور پر ملیا میٹ کر دیا گیا۔ دہشت گردوں کے زیرِ استعمال بھاری اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ تباہ، لغمان میں واقع بٹالین ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنا کر غیر فعال کر دیا گیا۔ ننگر ہار میں قائم اہم فوجی بریگیڈ کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا خوب جانتا ہے۔ افغان سرحد پر کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا بلااشتعال فائرنگ کا جواب اسی زبان میں دیا جائے گا۔