کراچی : سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) نے ملک میں کارپوریٹ سیکٹر کو جدید بنانے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے نان لسٹڈ کمپنیوں کے لیے فزیکل شیئرز کو ڈیجیٹل (بک انٹری فارم) میں تبدیل کرنے کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کر دیا ہے،
ایس ای سی پی کی نئی پالیسی کے تحت کمپنیوں کو پیڈ اپ کیپیٹل کی بنیاد پر درج ذیل مراعات دی گئی ہیں۔
2 کروڑ 50 لاکھ روپے تک پیڈ اپ کیپیٹل رکھنے والی کمپنیوں کے لیے ایک سال کی سالانہ فیس مکمل معاف کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی ڈپازٹ اور کنورژن فیس بھی پہلے سال کے لیے ختم ہو گی۔ وہ کمپنیاں جن کا پیڈ اپ کیپیٹل 2 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے، انہیں صرف سالانہ فیس ادا کرنا ہو گی جبکہ دیگر چارجز میں رعایت ملے گی۔ جو کمپنیاں خود اپنی مرضی سے شیئرز ڈیجیٹل کریں گی، انہیں بھی فیسوں میں خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
ایس ای سی پی کے مطابق نان لسٹڈ کمپنیوں کے لیے فزیکل شیئرز کو بک انٹری فارم میں تبدیل کرنا اب قانونی ضرورت ہے۔کمپنیوں کے لیے بونس شیئرز، رائٹ ایشو اور شیئرز کے 'بائے بیک' کے عمل کے لیے ڈیجیٹلائزیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ ڈیجیٹل شیئرز کے نفاذ سے ریکارڈ محفوظ رہے گا، ملکیتی تنازعات میں کمی آئے گی اور کارپوریٹ نظام زیادہ شفاف اور موثر ہو جائے گا۔