Wed, September 16, 2026

ناسا کے سینئر سائنسدان کا خلائی مخلوق کے متعلق حیران کن دعویٰ

ناسا کے سینئر سائنسدان کا خلائی مخلوق کے متعلق حیران کن دعویٰ

واشنگٹن : NASA کے سینئر سائنسدان ڈاکٹر جینٹری لی نے کہا ہے کہ وسیع کائنات میں خلائی مخلوق کے وجود کے امکانات بہت زیادہ ہیں، لیکن ابھی تک ایسا کوئی واضح ثبوت نہیں ملا جو یہ ثابت کرے کہ کسی خلائی مخلوق نے زمین کا دورہ کیا ہے۔

ڈاکٹر جینٹری لی، جو 1968 سے NASA سے جڑے ہوئے ہیں، نے ایک سائنسی تقریب میں اپنے خطاب میں بتایا کہ "اب تک کی تحقیقات میں کوئی ایسا شواہد نہیں ملے جو یہ ثابت کرے کہ خلائی مخلوق یا اس کی ٹیکنالوجی نے زمین پر قدم رکھا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے جو باتیں پھیلائی جاتی ہیں وہ زیادہ تر غلط فہمی یا گمراہ کن معلومات پر مبنی ہوتی ہیں۔

ڈاکٹر لی کا کہنا تھا کہ کائنات کی بے پناہ وسعت کے پیش نظر یہ سوچنا مشکل نہیں کہ کہیں نہ کہیں زندگی ضرور موجود ہو سکتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں انسان کسی نہ کسی شکل میں زمین سے باہر زندگی کے آثار دریافت کرنے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب سابق امریکی صدر باراک اوباما کی ایک پرانی گفتگو دوبارہ زیر بحث آئی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ خلائی مخلوق کے بارے میں کئی راز موجود ہیں، تاہم بعد میں انہوں نے وضاحت دی کہ اپنے دورِ صدارت میں انہیں زمین پر غیر زمینی مخلوق کے وجود کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا۔

دوسری جانب، موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ یو ایف اوز اور دیگر خلائی سرگرمیوں سے متعلق سرکاری فائلوں کی تفصیلات عوامی سطح پر شیئر کی جائیں۔

فلکیات کے ماہرین کے مطابق، خلائی حیات کی تلاش کے لیے خاص طور پر ان سیاروں پر توجہ دی جا رہی ہے جہاں زمین جیسا ماحول ہو۔ اس حوالے سے ایک سیارے کو زندگی کے لیے موزوں سمجھا جا رہا ہے، جو زمین سے تقریباً 40 نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے۔

ٹیگز: