Wed, September 16, 2026

جنگ بندی سے پہلے ایران اور اسرائیل کے درمیان شدید حملے، تین اسرائیلی ہلاک، ایرانی سائنسدان شہید

جنگ بندی سے پہلے ایران اور اسرائیل کے درمیان شدید حملے، تین اسرائیلی ہلاک، ایرانی سائنسدان شہید

تل ابیب :ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی سے پہلے دونوں جانب سے شدید حملے ہوئے جن میں انسانی جانوں کا نقصان بھی ہوا۔ ایرانی میزائل حملے میں اسرائیل کے جنوبی علاقے میں تین افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ اسرائیلی حملے میں تہران میں ایک معروف ایرانی ایٹمی سائنسدان، صدیقی صابر، شہید ہو گئے۔

اسرائیل کی ایمرجنسی سروسز کے مطابق ایرانی حملے کے بعد کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ امدادی کارکنوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر ایک شخص بے ہوش ملا، جب کہ ایک مرد اور ایک خاتون اندر بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایران نے میزائل حملے دو مرحلوں میں کیے — پہلے مرحلے میں دو اور دوسرے مرحلے میں چار میزائل داغے گئے۔ شہریوں کو محفوظ مقام پر رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ادھر ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے تہران میں ایک خفیہ کارروائی کی، جس میں ایرانی ایٹمی سائنسدان کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملہ شہر کے مرکزی علاقے فردوسی اور ولی عصر کے قریب ہوا۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے صبح 6 بجے کے بعد مزید کوئی میزائل حملہ نہیں کیا، تاہم خطے کی صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔

ٹیگز: