راولپنڈی: پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی مسلسل اشتعال انگیزی کے خلاف پاکستانی سکیورٹی فورسز نے 'آپریشن غضب للحق' کے ذریعے دندان شکن جوابی کارروائی کی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس آپریشن میں جدید ڈرونز اور بھاری ہتھیاروں کے استعمال سے افغان طالبان رجیم کی متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا گیا ہے، جبکہ اب تک 30 حملہ آوروں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ افغان طالبان نے سرحد کے مختلف مقامات پر پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی تھی جس کا جواب انتہائی سخت دیا گیا۔
باجوڑ کے ناوگئی سیکٹر میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بنا دی گئیں۔ چترال سیکٹر اور خیبر کے علاقے تیراہ میں بھی افغان طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد حملہ آور اپنے ہتھیار چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔
افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی حدود میں داخل کرنے کی کوشش کرنے والے تمام کواڈ کاپٹرز پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فضا میں ہی تباہ کر دیے۔ سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈرونز کے ذریعے دشمن کی پوسٹوں کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسی کسی بھی مہم جوئی کا راستہ روکا جا سکے۔
میدانِ جنگ میں ہزیمت اٹھانے کے بعد افغان طالبان کے سوشل میڈیا ونگز کی جانب سے فیک ویڈیوز اور جھوٹے دعووں کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ سرحد پر صورتحال پاکستانی فورسز کے مکمل کنٹرول میں ہے اور کسی بھی جارحیت کا جواب 'فوری اور کاری ضرب' سے دیا جائے گا۔