Wed, September 16, 2026

مشکل ترین حالات میں بھی بے نظیر بھٹو نے ریاست کے خلاف راستہ اختیار نہیں کیا، شیری رحمان

مشکل ترین حالات میں بھی بے نظیر بھٹو نے ریاست کے خلاف راستہ اختیار نہیں کیا، شیری رحمان

گڑھی خدا بخش: پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی خدمت کی ایک روشن مثال تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ہمیشہ غریب، کمزور اور محروم طبقات کے ساتھ کھڑی رہیں اور سیاست کو عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا۔

شیری رحمان نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے مشکل ترین حالات اور قید و بند کے باوجود ریاست اور ملکی تنصیبات پر حملے کا راستہ اختیار نہیں کیا بلکہ آمریت کے خلاف ڈٹ کر آئینی اور جمہوری جدوجہد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے قوم کو یہ سبق دیا کہ جمہوریت کی جدوجہد ہمیشہ قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنی والدہ کے وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کو فروغ دیا ہے۔ شیری رحمان کے مطابق بے نظیر بھٹو دو مرتبہ ملک کی وزیرِ اعظم منتخب ہوئیں اور انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت اور باوقار تشخص اجاگر کیا۔

سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ ملکی استحکام اور جمہوریت کے لیے بے نظیر بھٹو کی قربانیاں تاریخ کا اہم باب ہیں اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقتدار کے بجائے جمہوری سیاست اور عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے قید و بند اور انتہائی سخت حالات، حتیٰ کہ سکھر کی تنگ و تاریک کوٹھڑی میں رہ کر بھی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور ہر آزمائش میں قوم کا سر بلند رکھا۔

ٹیگز: