Wed, September 16, 2026

پاک برطانیہ تعلقات: اسحاق ڈار کی ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات، باضابطہ مذاکراتی میکنزم پر اتفاق

پاک برطانیہ تعلقات: اسحاق ڈار کی ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات، باضابطہ مذاکراتی میکنزم پر اتفاق

اسلام آباد/لندن: ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے لندن میں ملاقات کی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے وزارت خارجہ کی سطح پر باضابطہ مذاکرات کا میکنزم قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں جانب سے باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے اور اعلیٰ سطحی روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ اسحاق ڈار نے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں سے برطانوی ہم منصب کو آگاہ کیا، جبکہ ایڈ ملی بینڈ نے خطے میں پاکستان کے تعمیری کردار اور سہولت کاری کی کوششوں کو سراہا۔

اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھی پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور بھارت کی جانب سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری یقینی بنانے پر زور دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان افغان سرزمین سے درپیش دہشتگرد خطرات پر بھی بات چیت ہوئی۔ اسحاق ڈار نے اس حوالے سے پاکستان کی تشویش برطانوی حکومت تک پہنچائی۔

دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور باہمی تعاون کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے پاک برطانیہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کردار کو بھی سراہا گیا اور عوامی سطح پر روابط مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

ٹیگز: