Wed, September 16, 2026

یوٹیوب پریمیئم مزید مہنگا، نئے ماہانہ نرخ ستمبر سے نافذ ہوں گے

یوٹیوب پریمیئم مزید مہنگا، نئے ماہانہ نرخ ستمبر سے نافذ ہوں گے

کیلیفورنیا:یوٹیوب نے اپنے پریمیئم سبسکرپشن پلان کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے۔ گوگل کے مطابق یورپ کے کچھ ممالک اور سنگاپور میں صارفین کو ستمبر سے یوٹیوب پریمیئم کے لیے پہلے کے مقابلے میں زیادہ ماہانہ فیس ادا کرنا ہوگی۔

نئے نرخ 23 ستمبر 2026 سے لاگو ہوں گے، تاہم ہر صارف کے لیے اضافی رقم اس کے اگلے بلنگ سائیکل سے وصول کی جائے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ جن صارفین کی اگلی ادائیگی 23 ستمبر یا اس کے بعد ہوگی، ان کی سبسکرپشن نئی قیمت کے مطابق چارج ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق بعض یورپی مارکیٹس میں انفرادی سبسکرپشن کی قیمت 13.99 یورو سے بڑھ کر 15.99 یورو ماہانہ ہوجائے گی۔ فن لینڈ میں ماہانہ فیس 14.99 سے بڑھ کر 16.99 یورو مقرر کی گئی ہے، جبکہ رومانیہ میں قیمت 29 سے بڑھ کر 32 رومانی لیو ہوجائے گی۔

سنگاپور میں بھی صارفین کو زیادہ ادائیگی کرنا ہوگی۔ انفرادی پلان کی فیس 13.98 سے بڑھ کر 15.98 سنگاپوری ڈالر اور فیملی پلان کی قیمت 27.98 سے بڑھ کر 31.98 ڈالر ماہانہ کردی گئی ہے۔

یوٹیوب پریمیئم صارفین کو اشتہارات کے بغیر ویڈیوز دیکھنے کے علاوہ بیک گراؤنڈ پلے اور دیگر اضافی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ گوگل مختلف ممالک میں قیمتوں میں تبدیلی ایک ساتھ نافذ کرنے کے بجائے مرحلہ وار کرتا ہے، اس لیے ہر خطے میں نئے نرخ مختلف ہوسکتے ہیں۔

کمپنی نے حالیہ عرصے میں امریکا سمیت دیگر مارکیٹس میں بھی پریمیئم پلانز کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ تاہم تازہ اضافے کا اطلاق صرف ان صارفین پر ہوگا جن کی متعلقہ مارکیٹ میں نئی قیمتیں نافذ کی گئی ہیں۔

ٹیگز: