Wed, September 16, 2026

شہباز شریف کی اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت

شہباز شریف کی اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں ممکنہ اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظر تمام متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔

یہ ہدایات انہوں نے بارشوں اور دریاؤں میں بڑھتے پانی کی سطح پر بلائے گئے ہنگامی اجلاس کے دوران دیں۔ اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ملک بھر میں سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے، خاص طور پر ہیڈ مرالہ اور خانکی کے علاقوں میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ شہریوں کے بروقت انخلا کے لیے 2000 ٹرک تیار کر لیے گئے ہیں۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کی جانب سے پنجاب میں متاثرہ علاقوں کے لیے فراہم کیے گئے 5000 خیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امدادی سامان کی ترسیل کا سلسلہ بغیر رکاوٹ جاری رکھا جائے۔

شہباز شریف نے لاہور، سیالکوٹ اور گجرات جیسے شہروں میں ممکنہ اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے فوری اور مؤثر انتظامی اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیلاب کی وجہ سے اگر کہیں بجلی، سڑکوں یا رابطے کے نظام میں خلل آئے تو اسے فوراً بحال کیا جائے۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ تمام صوبوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی کے ساتھ سیلابی حالات سے نمٹا جائے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں سیلاب کے دوران وفاقی حکومت نے مکمل تعاون کیا، اور اب پنجاب کے لیے بھی وہی تعاون فراہم کیا جائے گا۔

آخر میں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ پنجاب کے بعد سندھ میں آنے والے ممکنہ سیلابی ریلوں کی پیشگی اطلاع یقینی بنائی جائے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

ٹیگز: