Wed, September 16, 2026

 شدید گرمی، مون سون اور اربن فلڈنگ کا خدشہ، پنجاب حکومت نے پیشگی اقدامات تیز کردیئے

 شدید گرمی، مون سون اور اربن فلڈنگ کا خدشہ، پنجاب حکومت نے پیشگی اقدامات تیز کردیئے

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جولائی سے ستمبر کے دوران درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے، بعض علاقوں میں گرمی کی شدت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ مون سون کے دوران زیادہ بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کرنا ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ادارے مسلسل متحرک رہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ بارشوں کی بروقت اطلاع کے لیے محکمہ موسمیات، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ارلی وارننگ سسٹم کو فعال کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے پہلے اقدامات کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بعض شہروں میں زیادہ بارشوں کا امکان ہے، اس لیے شہری علاقوں میں پانی کے نکاس اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں کو نہروں اور دریاؤں میں نہانے سے احتیاط کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مویشیوں کے لیے خوراک اور پانی کا انتظام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ تمام ڈویژنز میں ضروری سامان بھی بھجوایا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں پینے کے پانی کی ضرورت ہے وہاں پانی کی بوتلیں فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ ادارے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔مریم نواز نے اجلاس میں کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت شہریوں کو گھر کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرض فراہم کیا جائے گا، جس کی قسط چند ہزار روپے ماہانہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر سے شہری اس سکیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

ٹیگز: