اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کرکٹ شائقین کے حق میں بڑا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیراعظم نے پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے تمام میچز میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم نے عوامی جوش و خروش کو مدنظر رکھتے ہوئے پلے آف کے تینوں میچز شائقین کی موجودگی میں کروانے کا حکم دیا ہے۔
محسن نقوی نے 'ایکس' پر اپنے پیغام میں شائقین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اسٹیڈیم آنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں تاکہ ٹریفک کا نظام متاثر نہ ہو۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کا آخری مرحلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور شائقین کو میدان میں بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، شائقین کی بڑی تعداد کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی پلان ترتیب دے دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔