Wed, September 16, 2026

"پہلگام کا ڈرامہ رچایا تو جواب کولکتہ تک دیں گے": وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی بھارت کو وارننگ

سیالکوٹ : وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ سیالکوٹ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن نے اگر 'پہلگام' طرز کے کسی فالس فلیگ آپریشن کی حماقت کی تو اسے پاکستان کی جانب سے کولکتہ تک بھرپور جواب ملے گا۔
وزیر دفاع نے عالمی منظر نامے پر گفتگو کرتے ہوئے ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو خطے کے لیے خطرہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ     بین الاقوامی تنازعات کے اثرات سے پاکستان کو محفوظ رکھنے کے لیے بھاری وسائل درکار ہوں گے۔    حکومت عالمی معاشی دباؤ کے باوجود قومی دفاع اور عوامی فلاح پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
خواجہ آصف نے شہر کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کے عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ آئندہ 3 سالوں میں شہر کا نقشہ بدل جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ  سیالکوٹ کی شکل و صورت مکمل طور پر تبدیل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈز مختص کر دیے گئے ہیں، جس سے شہر میں جدید سہولیات اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
تقریب سے خطاب میں وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت ہے لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ملکی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور کوئی بھی بیرونی سازش ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

ٹیگز: