اسلام آباد :آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر بات کی اور انہیں آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے فیصلے پر اعتماد میں لیا۔ ذرائع کے مطابق، شہباز شریف نے مسلم لیگ آزاد کشمیر کی کمیٹی کو پیپلز پارٹی سے بات چیت کرنے کا کام سونپ دیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی طرف سے مذاکرات کے لیے کمیٹی میں وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، احسن اقبال اور امیر مقام شامل ہیں، جنہوں نے پیپلز پارٹی سے بات کرنے سے پہلے مسلم لیگ آزاد کشمیر سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ لیکن مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر نے واضح کیا کہ ان کی جماعت آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے کسی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی پہلے ہی فیصلہ کر چکی ہے کہ وہ اپوزیشن میں بیٹھیں گے اور اس فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان قائرہ نے اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے ان کو اپوزیشن میں بیٹھنے کے اپنے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا، تاہم اگر ان کے پاس نمبرز پورے ہوئے تو حکومت بنانے کی کوشش کی جائے گی۔