لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد وسیم کو نیا کنٹریکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق، محمد وسیم کو 2024 میں پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا تھا، لیکن ان کی کوچنگ میں ٹیم کی کارکردگی میں مسلسل گراوٹ آئی۔ بورڈ کی بھرپور حمایت کے باوجود، ٹیم ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں ایک بھی میچ نہیں جیت سکی۔
ان کے کوچنگ دور میں کھلاڑیوں نے شکایت کی کہ وہ انہیں مناسب تربیت اور رہنمائی فراہم نہیں کر پائے۔ محمد وسیم کی کوچنگ میں ٹیم کی بیٹنگ کمزور ہو گئی، حالانکہ وہ خود ایک بیٹر ہیں۔ ان کے رویے کو بھی اکھڑ مزاج سمجھا گیا، اور ان کا کھلاڑیوں، بولنگ اور بیٹنگ کوچز کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں رہے۔
محمد وسیم نے ویمن ٹیم کی سلیکشن میں بھی حصہ لیا اور سپورٹ اسٹاف کی تقرریاں اپنی مرضی سے کیں، مگر ان اقدامات کے باوجود ٹیم کی کارکردگی میں بہتری نہ آئی۔ ویمن ٹیم کی بولنگ اور فیلڈنگ میں مسلسل مسائل رہے، اور ورلڈ کپ کے دوران کئی کیچز بھی ڈراپ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق، محمد وسیم کی جگہ اگلے ہفتے نئے ہیڈ کوچ کی تقرری کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ سری لنکا اور انڈیا میں جاری ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ویمن ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، اور وہ سات میچز میں سے ایک بھی نہ جیت سکی، جبکہ تین میچز بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہے۔