منامہ : پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر منامہ پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ منامہ ایئرپورٹ پر بحرین کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سمیت اعلیٰ قیادت نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس دورے کے دوران وزیراعظم بحرین کے بادشاہ، ولی عہد اور نائب وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔ پاکستان اور بحرین کے تعلقات ہمیشہ سے دوستانہ رہے ہیں، اور یہ دورہ اس بات کا غماز ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت اپنے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے دورے سے قبل کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنی شراکت داری کو اور بھی مستحکم کرنے کا خواہاں ہے اور اس دورے کا مقصد اقتصادی، تجارتی، اور ثقافتی میدانوں میں نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ اس کے علاوہ، عوامی سطح پر روابط کو بڑھا کر دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔