اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے برادرانہ تعلقات کی ڈائمنڈ جوبلی (75 سالہ جشن) کے موقع پر ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیجنگ کی عالمی معاشی بالادستی کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی طاقت اور مستقل مزاجی کے لحاظ سے دنیا میں چین کا کوئی متبادل نہیں ہے۔
شہباز شریف نے چینی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدر شی جن پنگ کے وژن کی بدولت چین نے ریکارڈ مدت میں کروڑوں شہریوں کو غربت کی دلدل سے نکالا، جو دنیا کی تاریخ کا ایک بے نظیر کارنامہ ہے۔ وزیرِ اعظم نے چین کی وفاداری کا ذکر کرتے ہوئے یاد دلایا کہ 2010 کے انتہائی تباہ کن سیلاب کے دوران چین نے جس طرح پاکستان کا ہاتھ تھاما اور بھرپور امداد فراہم کی، وہ دونوں ملکوں کی لازوال محبت کی بڑی مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین نے اپنی انتھک محنت سے خود کو دنیا کے لیے ایک قابلِ تقلید ماڈل ثابت کر دیا ہے، اور پاکستان اپنے اس عظیم ہمسائے کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔