Wed, September 16, 2026

بنگلادیش نے بھارتی کمپنی کے ساتھ دفاعی معاہدہ ختم کر دیا

بنگلادیش نے بھارتی کمپنی کے ساتھ دفاعی معاہدہ ختم کر دیا

ڈھاکا: بنگلادیش نے بھارت کی سرکاری شپ بلڈنگ کمپنی کے ساتھ کیا گیا 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا دفاعی معاہدہ منسوخ کر دیا ہے۔ یہ معاہدہ جولائی 2024 میں ہوا تھا، جس کےمطابق بنگلادیشی بحریہ کے لیے ایک جدید ٹگ بوٹ تیار کی جانی تھی، جو گہرے سمندر میں مشنز کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

معاہدے کی منسوخی کی تصدیق بھارتی کمپنی گارڈن ریچ شپ بلڈرز اینڈ انجینیئرز (GRSE) نے 21 مئی کو ایک بیان میں کی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بنگلادیشی حکومت سے بات چیت کے بعد کیا گیا اور انہیں پہلے سے اس کا اندازہ تھا۔

البتہ بنگلادیش نے سرکاری طور پر منسوخی کی کوئی وجہ نہیں بتائی، لیکن بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بھارت کی جانب سے حالیہ دنوں میں بنگلادیشی مصنوعات پر لگائی گئی درآمدی پابندیوں کا ردعمل ہو سکتا ہے۔

یہ معاہدہ اُس وقت ہوا تھا جب بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دینیش کے تریپاٹھی نے بنگلادیش کا دورہ کیا تھا۔ اب اس معاہدے کی منسوخی سے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعلقات میں تناؤ پیدا ہونے کا امکان ہے۔

ٹیگز: