گذشتہ دنوں ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی جانب سے بلوچستان کے ضلع کیچ میں ’’ترقی اور سکیورٹی ایک مشترکہ ذمہ داری‘‘ کے عنوان سے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد معاشرے میں اس فہم اور شعور کو اجاگر کرنا تھا کہ امن و امان کا قیام، قانون کی بالا دستی اور دہشت گردی و جرائم کا خاتمہ صرف ریاستی اداروں کی نہیں، بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی ناممکن ہے۔ اس سیمینار میں اراکین اسمبلی بلوچستان، مقامی سیاست دانوں، سول انتظامیہ، سکیورٹی اداروں کے نمائندگان، انجمن تاجران، وکلائ، ڈاکٹرز، دانشوروں، قبائلی عمائدین، صحافیوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مقررین میں صوبائی وزیر بلوچستان اسمبلی برائے منصوبہ بندی و ترقی ظہور بلیدی، صوبائی وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید اور ڈائریکٹر بلوچستان تھنک ٹینک ڈاکٹر سراج بشیر شامل تھے، جنہوں نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ علاقے میں دیرپا امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے عوام کی بھر پور شمولیت اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آج ہمیں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے اداروں کا ساتھ دینا ہو گا، متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کرنا ہو گا، سیسہ پلائی دیوار بننا ہو گا تبھی جا کر ہم ایک ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کو تشکیل دے پائیں گے۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان (سائوتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی (سائوتھ) اپنے ذمہ داری کے علاقوں میں سکیورٹی کی فراہمی سے لیکر جنوبی بلوچستان میں ترقی کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ تعلیم کی ترسیل، صاف پانی کی فراہمی، صحت کی سہولیات اور مختلف اوقات میں آنے والی قدرتی آفات میں گراں قدر خدمات شامل ہیں۔ ایف سی (سائوتھ) نے شعبہ تعلیم اور شعبہ صحت پر خاص توجہ دی ہے۔ بلوچستان میں اس وقت ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی زیر نگرانی 10 سکول چل رہے ہیں جس میں 561 سے زائد طلبا کو مفت تعلیم دی جا رہی ہے جہاں ان طلبا کو نہ صرف اعلیٰ تعلیم مہیا کی جا رہی ہے بلکہ معاشرے کے لیے
ان کو ایک بہترین انسان کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ بلوچ نوجوانوں کو تعلیم کی طرف راغب کر کے بلوچ معاشرے میں نئی سوچ کو جنم دیا ہے۔ رواں ماہ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی جانب سے گرلز کیڈٹ کالج تربت سے فارغ التحصیل 64 کیڈٹس میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا ہے۔ نہایت خوش آئند خبر یہ ہے کہ کوئٹہ گرلز کیڈٹ کالج میں گریجویشن سطح پر چار سالہ بیچلر پروگرام کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد یہ کیڈٹس کسی بھی شعبے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں، خواہ وہ فوج ہوں یا دیگر پیشے۔ ’’تعلیم یافتہ خواتین‘‘ ایف سی (سائوتھ) کا مشن ہے کیونکہ ایک عورت کو تعلیم دینے کا مقصد ایک قوم کو تعلیم دینا ہے۔ اسی طرح ایف سی بلوچستان (سائوتھ)، مند ملیشیا کی جانب سے ڈگری کالج تمپ میں شاندار آرٹس و سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول تمپ اور گورنمنٹ ہائی سکول نظر آباد کی طالبات نے بھرپور شرکت کی اس نمائش کا مقصد سائنس میں دلچسپی رکھنے والے طلبا کو سائنسی میدان میں مواقع فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنی صلاحیتیں دنیا کو دکھا سکیں۔ اس سائنسی نمائش میں دونوں سکولوں کی طالبات نے مختلف سائنسی اور فنی ماڈلز پیش کیے۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ پیش کرنے والی طالبات میں Computer Tablets جبکہ دیگر 100 طالبات کو Smart Watches بطور انعام دی گئیں، جبکہ دو سکولوں کے لیے سولر سسٹم کی تنصیب اور انتظامی امور کے لیے پندرہ پندرہ لاکھ عطیہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ صحت کے حوالے سے ایف سی (سائوتھ) نے گذشتہ ماہ اپریل 2025 میں جنوبی بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں، جہاں طبی سہولیات کا فقدان ہے، میں 257 فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا، جن میں دشت، مند، آواران، پنجگور (جیرک۔ چیدگی) خاران اور ماشکیل کے علاقے شامل ہیں۔ ان میڈیکل کیمپوں میں ماہر ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی زیر نگرانی مجموعی طور پر 10155 مریضوں کو مفت علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ مریضوں کو طبی معائنے اور لیبارٹری ٹیسٹوں کی سہولیات کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی مہیا کی گئیں۔ خواتین کے خصوصی چیک اپ کے لیے پاکستان آرمی کی ماہر گائنا کالوجسٹ کی خصوصی خدمات بھی فراہم کی گئیں۔ ماہ جنوری 2025ء سے اب تک ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے 141 دہشت گردانہ کارروائیوں کو بروقت ناکام بنایا، جو کہ ممکنہ طور پر بڑے سانحات کا سبب بن سکتی تھیں۔ فلاح و بہبود اور سماجی شعبے میں ایف سی کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیوائوں کے لیے گھروں کی تعمیر، سکولوں، مدارس اور بنیادی مراکزصحت کی بحالی، سولر سسٹم اور آر او پلانٹس کی فراہمی، کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد، عوامی مسائل کے حل کے لیے جرگوں اور کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کے زیراہتمام پورے جنوبی بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، اس وقت تربت، مند روڈ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ اسی طرح ایف سی (سائوتھ)، دشت سکائوٹ کے زیر اہتمام ایک فلاحی پروگرام کا اہتمام کیا گیا، جس میں بچوں میں کھلونے، کھیلوں کا سامان، سکول بیگز اور سٹیشنری تقسیم کی گئی، مستحق خواتین کو سلائی مشینیں اور کپڑے فراہم کیے گئے تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنی روزی کما سکیں۔ آئی جی ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کا کہنا تھا کہ فتنہ الہند کی سرپرستی میںکالعدم تنظیمیں اور مٹھی بھر دہشت گرد بلوچستان میں امن و امان کو سبوثار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے کیونکہ غیور محب وطن بلوچ عوام اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ یوم تشکر کے حوالے سے انہوں نے قومی اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کیچ کے عوام سے امید ظاہر کی کہ وہ ہمیشہ اسی طرح سکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں گے۔ سیمینار کے اعلامیے میں کیچ لیزان کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، جو باہمی ہم آہنگی، مؤثر رابطے اور مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ اس موقع پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا بھرپور احساس کریں گے اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر ایک مثبت اور فعال کردار ادا کریں گے، ایک پُرامن اور خوشحال بلوچستان کے لیے۔