مئی تاریخ ساز مہینہ، پاکستان اور 24 کروڑ عوام کیلئے خوش خبریوں، چار روزہ جنگ میں فتح مبین، اللہ کے حضور اظہار تشکر دعائوں اور التجائوں کی قبولیت کا مہینہ پروردگار کا لاکھ لاکھ شکر جس نے پردہ غیب سے ہماری مسلح افواج کی مدد کی اور ہم پانچ گنا بڑے ملک بھارت کے خلاف فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ سرنڈر مودی خوفزدہ ہے۔ زخمی سانپ کی طرح بل کھا رہا ہے۔ جسم کا خون خشک ہو گیا۔ بقول اس کے رگوں میں خون کی بجائے سیندور گردش کر رہا ہے جو جلد ہی اسے شمشان گھاٹ تک پہنچائے گا۔ سیاست کا جنازہ نکل گیا۔ جنگ کی حماقت گلے پڑ گئی ہر طرف سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ بہار کا الیکشن جیتنے کے لیے منہ پر کالک ملی۔ ٹرمپ نے جنگ کو مودی کی غلطی قرار دیتے ہوئے مدد سے ہاتھ کھینچ لیا اور پاکستان سے تجارتی معاہدہ کر لیا۔ غلطی پر غلطی پاکستان کا پانی روکنے کا اعلان، ڈی جی آئی ایس پی آر کی للکار ’’تم پانی بند کرو گے ہم تمہاری سانسیں بند کر دیں گے‘‘ ڈیم تباہ کر دئیے تو بوند بوند کو ترسو گے۔ للکار سے چہرے پر ہوائیاں اڑنے لگیں، ایک غیر ملکی صحافی کے سوال کا جواب دینے کی بجائے کیمرے بند کرنے کا حکم دیا اور گائے کے پیشاب سے بھرا گلاس خالی کر کے چلا گیا۔ جنگ میں ذلت آمیز شکست کے بعد پراکسی وار پر اتر آیا، بلوچستان کے علاقے خضدار میں بچوں کی بس پر خود کش حملہ، چھ معصوم طلبا و طالبات سمیت 8 افراد شہید 52 زخمی ہوئے۔ فرعون بھی بچوں کو قتل کیا کرتا تھا۔ مودی کا انجام بھی عبرت ناک ہو گا۔ حملہ آور بی ایل اے اسی کے ٹکڑوں پر پل رہی ہے۔ ماہرنگ بلوچ اور اس کے مٹھی بھر ساتھیوں کا بچنا مشکل سپہ سالار صرف للکارتا نہیں مارتا بھی ہے۔
قرآنی حکم، اللہ جسے چاہے عزت دے جسے چاہے ذلت سے ہمکنار کرے سب کچھ اس کے دست قدرت میں ہے، چار روزہ جنگ میں بھارت کی شکست فاش نے آرمی چیف کی مقبولیت میں اضافہ کر دیا، ایک ماہ میں مقبولیت عروج پر پہنچ گئی۔ 24 کروڑ عوام سمیت دنیا بھر میں بہادری کا اعتراف، مرد آہن اور ہم سب کے ہیرو پر اللہ کا کرم، وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر زرداری، بڑے بھائی نواز شریف اور اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کے عہدہ پر فائز کرنے کی تجویز کر دی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ حق بحقدار چند دن قبل کراچی کے جامعہ رشیدیہ کے مفتی عبدالرحیم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کی تجویز پیش کی تھی۔ کریڈٹ وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی حکومت کو ملا، جمعرات کی شام ایوان صدر میں ایک پر وقار تقریب میں آرمی چیف کو صدر اور وزیر اعظم نے مشترکہ طور پر ’’بٹین آف فیلڈ مارشل‘‘ عطا کی۔ تقریب میں گنڈا پور کے سوا چاروں صوبوں کے گورنر، وزرائے اعلیٰ، چاروں صوبوں کے زعماء اور ملک کو ایٹمی قوت بنانے والے میاں نواز شریف نے کھڑے ہو کر اپنے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا منکسر المزاج فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر نے صدر اور وزیر اعظم کو سلیوٹ کیا۔ ’’عصائے تکریم‘‘ کی وصولی کے بعد دونوں سے مصافحہ کیا۔ تقریب مکمل، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر فائیو سٹار جنرل بن گئے۔ تقریب کے بعد انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے بعد کہا کہ میں اپنا اعزاز اپنی قوم بہادر افواج ناقابل شکست غازیوں، شہیدوں اور ان کے لواحقین کے نام کرتا ہوں، لاکھوں اعزازات اس ملک کی سلامتی اور دفاع پر قربان سید عاصم منیر جنرل ایوب خان کے بعد فیلڈ مارشل کا اعزاز پانے والے دوسرے جنرل ہیں۔ یہ اعزاز جنگ جیتنے والے جنرل کو ملتا ہے۔ جبکہ خود ساختہ فیلڈ مارشل جنرل ایوب خان نے 1965ء میں ہی فیلڈ مارشل بننے کا اعلان کر دیا تھا۔ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو یہ اعزاز دہشتگردی کے خاتمے کی جنگ جیتنے اور بھارت کو شکست فاش دینے پر قوم کی طرف سے دیا گیا۔ جنرل ایوب خان کے پوتے عمر ایوب (اپوزیشن لیڈر) نے 26 اپریل کو کہا تھا کہ تقسیم زدہ قوم جنگ نہیں جیت سکتی۔ پی ٹی آئی کے دیگر لیڈر بھی بزدلی کا سبق پڑھاتے رہے کہ ہمارے ٹینکوں میں تیل نہیں خان جیل میں ہے باہر ہوتا تو مودی کو جواب دیتا۔ اللہ کے کرم سے مودی کو منہ توڑ جواب مل گیا۔ دوسروں کو نشان عبرت بنانے والے خود نشان عبرت بن گئے۔ جنرل سید عاصم منیر کے فیلڈ مارشل بننے پر ملک بھر میں جشن، ایک محب وطن شہری نے ٹوئٹ میں لکھا۔ ’’قوم کو اصلی، حقیقی‘‘ قومی عوامی اور بین الاقوامی سطح پر مقبول فیلڈ مارشل مل گیا۔ شہریوں کی جانب سے خیر مقدم لیکن جیل سے چیخوں کی آوازیں، پی ٹی آئی میں صف ماتم، بیرون ملک مفرور مسخرے مایوس، مفرور مسخروں اور ملک میں موجود دروازے توڑنے والوں کا علاج ہو رہا ہے۔ ملک دشمن اور گھٹیا ٹوئٹس اور بیانات دینے والوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا۔ پی ٹی اے نے ایک لاکھ 19 ہزار 4 سو 96 ویب سائٹس اور 4832 ویلاگرز کے ٹوئٹ پر پابندی لگا دی ہے۔ بیرون ملک بیٹھے ملک دشمن ویلاگرز کے اثاثے اور اکائونٹس منجمد کر دئیے جائیں گے۔
اب کیا ہو گا، فیلڈ مارشل کی وردی سلامت، 2027ء کی مدت ملازمت میں توسیع کا قوی امکان، ڈنڈا چلے گا جھاڑو پھرے گا۔ جیل میں ملاقاتوں کی من گھرٹ کہانیاں منظر عام پر آ گئیں۔ حقیقت احوال ایک ریٹائرڈ جنرل نے جیل میں خان سے ملاقات کی۔ سمجھایا بجھایا۔ اسٹیبلشمنٹ کی 8 شرائط سامنے رکھیں، خان نے مسترد کر دیں کھیل ختم، گزشتہ دنوں پھر مذاکرات پر تیار، بار بار چیپٹر کھولنے کا مقصد، ’’پیا جی مجھے بھول نہ جانا‘‘ مگر پیا جی تو دو ڈھائی سال سے بھلا چکے۔ جنرل (ر) فیض حمید کا کورٹ مارشل مکمل سزا کا اعلان ہونے والا ہے۔ 9 مئی کے کیسز میں پولی گرافک ٹیسٹ دینے سے تیسری بار انکار کے بعد خان کا نمبر بھی لگ گیا۔ 60 ارکان اسمبلی بھی مجرم اور نا اہل قرار پائیں گے بیرکوں کی صفائی شروع ہو گئی۔ مخصوص نشستوں کا فیصلہ بھی آنے والا ہے۔ ن لیگ کو بلیک میلنگ سے نجات مل جائے گی۔