لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں سیزن کا آغاز ہو گیا ہے۔ افتتاحی مقابلے میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے پہلی بار لیگ میں حصہ لینے والی حیدرآباد کنگز کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔
قلندرز کی اننگز میں اوپننگ بلے باز فخر زمان نے 53 رنز کی متاثر کن اننگز کھیلیں، جبکہ محمد نعیم نے 30 رنز کا ساتھ دیا۔ مڈل آرڈر میں وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ نے ناقابل شکست 40 رنز بنائے۔ سکندر رضا 24 اور آصف علی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ شاہین آفریدی 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
حیدرآباد کنگز کی طرف سے میریڈتھ اور حسان خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کرکٹ کے مداح اپنی پسندیدہ لیگ دیکھنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، تاہم اس سیزن میں میچز صرف ٹی وی اور آن لائن لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے دکھائے جا رہے ہیں۔
علاقائی کشیدگی اور توانائی کے بحران کے پیش نظر حکومتی فیصلے کے تحت اس بار اسٹڈیم میں شائقین کی موجودگی کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔