منیلا: فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ میں 6.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد حکام نے سونامی کا کوئی خطرہ ظاہر نہیں کیا۔
فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی (Phivolcs) کے مطابق زلزلے کا مرکز صوبہ داواؤ اوکسیڈنٹل میں بالوٹ آئی لینڈ سے تقریباً 90 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے بعد علاقے میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ سونامی کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق تاحال کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یہ زلزلہ چند ہفتے قبل آنے والے 7.8 شدت کے شدید زلزلے کے بعد آیا ہے، جس میں 81 افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
امدادی اور ہنگامی ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا ابتدائی جائزہ لیا جا رہا ہے۔