Wed, September 16, 2026

فلپائن میں شدید زلزلہ، سپورٹس کمپلیکس گرنے سے 26 افراد جاں بحق

فلپائن میں شدید زلزلہ، سپورٹس کمپلیکس گرنے سے 26 افراد جاں بحق

فلپائن: فلپائن کے وسطی ساحلی علاقے میں رات گئے آنے والے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.9 ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث ایک سپورٹس کمپلیکس گرنے سے کم از کم 26 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

زلزلہ رات 10 بجے آیا، جس کا مرکز بوگو شہر کے شمال مشرق میں تھا اور اس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے فوراً بعد علاقے میں کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

سب سے افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک سپورٹس کمپلیکس میں باسکٹ بال میچ جاری تھا اور عمارت اچانک زمین بوس ہو گئی۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ دیگر علاقوں سے بھاری مشینری بھی متاثرہ مقام پر پہنچا دی گئی ہے۔

سیبو شہر کے حکام کے مطابق زلزلے کے باعث چار عمارتیں مکمل طور پر منہدم ہو گئیں، جبکہ تین سرکاری دفاتر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ علاقے میں چھ پل اور ایک سڑک بھی متاثر ہوئی ہے جس سے آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

حکومت نے سیبو میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے اور تمام اسکولز اور سرکاری دفاتر بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بعض علاقوں میں بجلی اور فون سروس معطل ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو دشواری کا سامنا ہے۔

حکام کی جانب سے امدادی سامان، پانی اور ادویات متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

ٹیگز: