کاراکاس: وینزویلا میں آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 235 ہو گئی ہے۔ امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق وقفے وقفے سے آنے والے دو بڑے زلزلوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر بالترتیب 7.2 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی، جن کے باعث عمارتوں، سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔
رپورٹس کے مطابق اب تک ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ملبہ ہٹا کر لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
دارالحکومت کاراکاس میں متعدد عمارتیں منہدم ہونے کے باعث ہزاروں شہری کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ شدید زلزلوں سے کاراکاس کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی متاثر ہوا، جس کے باعث پروازوں کا آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ قائم مقام صدر نے ساحلی اور دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دو بڑے زلزلوں کے بعد اب تک ایک درجن سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ ماہرین نے آئندہ ہفتے کے دوران تقریباً 5 شدت کے مزید زلزلے آنے کے امکان سے خبردار کیا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے امدادی سرگرمیوں میں تعاون کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں وینزویلا روانہ کر دی ہیں، جبکہ مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے زلزلہ متاثرین کی فوری امداد کے لیے ایک لاکھ یورو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔