لاہور: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے تازہ موسمی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کئی شہروں میں بارش کی نوید سنائی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے میدانی اور بالائی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم صوبے کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، چکوال، راولپنڈی اور گردونواح میں بارش کا امکان ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔
ادھر کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رات اور علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔
سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی جزوی ابر آلود موسم، تیز ہوائیں اور چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔ دوسری جانب اندرون سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور قمبر شہدادکوٹ کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔