لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ صوبے بھر میں 38 ہزار مجالس اور 9 ہزار جلوس نکالے جائیں گے جن کی نگرانی کے لیے 2 لاکھ 32 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام وزرا کی ڈیوٹیز مقرر کر دی ہیں، جب کہ ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے کریک ڈاؤن ہوگا، اور شرپسندی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق، محرم میں ڈرونز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے اور خلاف ورزی پر فوری گرفتاری ہوگی۔ وال چاکنگ اور غیر قانونی بینرز پر بھی پابندی ہو گی۔ حکومت کی جانب سے سبیل کیمپس اور فیلڈ اسپتال بھی قائم کیے جائیں گے۔