Wed, September 16, 2026

پمز آتشزدگی، ذمہ داروں کو نہیں بخشیں گے:مصطفیٰ کمال کا دوٹوک اعلان

پمز آتشزدگی، ذمہ داروں کو نہیں بخشیں گے:مصطفیٰ کمال کا دوٹوک اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعے پر کہا ہے کہ غفلت کے مرتکب افراد کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور تحقیقات کے نتائج سب کے سامنے لائے جائیں گے۔

پمز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ معصوم بچوں کی ہلاکت انتہائی دلخراش سانحہ ہے، وہ متاثرہ ماؤں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کے مطابق وارڈ میں بچوں کو آکسیجن لگی ہوئی تھی اور اسی آکسیجن نے شعلہ پکڑ لیا۔

وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ شام 6 بج کر 38 منٹ پر اے سی میں اسپارک ہوا، جس کی فوٹیج موجود ہے۔ فوٹیج میں دو سے تین نرسز کو وارڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات جاری ہیں اور اگلے دو سے تین روز میں انکوائری رپورٹ سامنے آنے کی توقع ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انہوں نے سب سے پہلے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا ہے، مجھ سمیت جو بھی ذمہ دار ثابت ہوا، اسے نہیں بخشا جائے گا۔ جس نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی اسے قرار واقعی سزا ملے گی۔

وفاقی وزیر صحت کے مطابق پمز میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق بعض معاملات پر وہ مزید بات نہیں کرسکتے۔

پریس کانفرنس کے دوران متاثرہ شہریوں نے احتجاج بھی کیا اور مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو فوری سزا دی جائے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ "آج یہاں قیامت برپا ہوئی ہے، صرف فوٹوسیشن ہورہا ہے، ذمہ داروں کو سزا کب ملے گی؟"

ٹیگز: