Wed, September 16, 2026

قطر اور سعودی عرب کی طرف سے شام کو 8 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ

قطر اور سعودی عرب کی طرف سے شام کو 8 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ

دوحہ/ریاض: قطر اور سعودی عرب نے یو این ڈویلپمنٹ پروگرام (UNDP) کے ذریعے شام کو 8 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مالی تعاون شام میں عوامی خدمات کے تسلسل اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فراہم کیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق، قطر اور سعودی عرب کی جانب سے یہ فنڈز شام میں جاری بحران کے دوران سرکاری اداروں کے کام کاج کو مستحکم کرنے اور عوامی خدمات کی فراہمی میں مشکلات کو کم کرنے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ اس امداد سے شام کے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بھی ادا کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ مئی میں بھی قطر اور سعودی عرب نے شام کے سرکاری ملازمین کی مالی امداد کی تھی۔ اس کے علاوہ، اپریل میں دونوں ممالک نے شام کے ورلڈ بینک کے واجبات میں سے 1.5 کروڑ ڈالر ادا کیے تھے۔

سعودی عرب کی یمن کے لیے اضافی امداد

اس کے علاوہ سعودی عرب نے حالیہ دنوں میں یمن کے لیے 368 ملین ڈالر کی اضافی اقتصادی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یمنی صدارتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رشاد محمد العلیمی نے یمن کی عوام کو درپیش سنگین مالی مشکلات کے بارے میں سعودی حکومت سے امداد کی درخواست کی تھی، جسے سعودی عرب نے منظور کر لیا تھا۔
 
 

ٹیگز: