Wed, September 16, 2026

چین نے دنیا کا سب سے بڑا الیکٹرک بحری کارگو جہاز لانچ کر دیا

چین نے دنیا کا سب سے بڑا الیکٹرک بحری کارگو جہاز لانچ کر دیا

بیجنگ: چین نے دنیا کا سب سے بڑا الیکٹرک کارگو جہاز "گیزوبا" متعارف کرایا ہے، جو روایتی ایندھن کے بجائے لیتھیئم بیٹریوں سے چلتا ہے۔ یہ جہاز 130 میٹر طویل ہے اور 13 ہزار ٹن تک وزن لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

گیزوبا میں 12 لیتھیئم بیٹری یونٹس نصب ہیں جو مل کر 24 ہزار کلو واٹ آور بجلی فراہم کرتی ہیں۔ اس جہاز کے انجینیئرز کا کہنا ہے کہ اس کی بیٹریاں تیزی سے تبدیل کی جا سکتی ہیں، اور یہ 500 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس جہاز میں ایک جدید اسمارٹ کنٹرول سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے، جس کی مدد سے ریموٹ نیویگیشن اور خودکار برتھنگ کی سہولت بھی موجود ہے، جو اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بناتی ہے۔

چائنیز اکیڈمی آف انجینیئرنگ کے یِن شن پنگ نے کہا کہ یہ صرف ایک پروڈکٹ کی جدت نہیں بلکہ ایک بڑی تکنیکی پیش رفت ہے جس میں بیٹریوں، ڈی سی پاور سسٹمز اور ریموٹ پائلٹنگ جیسے جدید سسٹمز کا کامیابی سے استعمال کیا گیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق، یہ الیکٹرک جہاز ہر سال 617 ٹن ایندھن کی بچت کرے گا اور اس سے کاربن کے اخراج میں 2 ہزار ٹن تک کمی آئے گی۔

ٹیگز: