Wed, September 16, 2026

تاریخ کا سب سے بڑا بحری جہاز "وکٹری" تیار کیا جائے گا ، صدر ٹرمپ

تاریخ کا سب سے بڑا بحری جہاز

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ تاریخ کا سب سے بڑا بحری جہاز "وکٹری" تیار کرے گا، جس میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور اسلحہ شامل ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور نیول چیف کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بحریہ میں ایک طاقتور طیارہ بردار جہاز شامل کیا جا رہا ہے جو دنیا کی سب سے بہترین فورس کو مزید طاقتور بنائے گا۔

صدر نے کہا کہ "ہماری فوج دنیا کی سب سے بہترین فوج ہے اور اس جہاز میں جدید گن، ہائپر سونک میزائل اور لیزر شامل ہوں گے۔" انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کو جدید ترین بحری جہازوں کی ضرورت تھی اور اس وقت پندرہ جدید آبدوزیں اور تین نئے بحری جہاز تیار ہو رہے ہیں۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکہ آبدوز سازی میں دنیا سے پندرہ سال آگے ہے اور چین یا روس ان کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ "ہم دنیا کی سب سے طاقتور بحریہ بنا رہے ہیں تاکہ ہماری سرحدیں محفوظ اور معیشت مضبوط ہو سکے۔"

صدر ٹرمپ نے منشیات کی سمگلنگ کے خلاف امریکہ کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ "ہم سمندر میں منشیات سے بھری کشتیوں کو تباہ کر کے ہر بار 25 ہزار جانیں بچاتے ہیں۔" انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کیریبین میں منشیات کی سمگلنگ میں 96.2 فیصد کمی آئی ہے۔

صدر نے اپنے ایک اور بیان میں جیفری ایبسٹین سے متعلق تازہ انکشافات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "میں نے ایبسٹین کا جزیرہ کبھی نہیں دیکھا اور ہم نے اسے مارا لاگو پام بیچ سے نکال دیا تھا۔"

آخر میں، ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ رکوانے کا ذکر کیا اور کہا کہ "میں نے 10 لاکھ جانیں بچائیں اور اب تک دنیا میں 8 جنگوں کو رکوا چکا ہوں۔

ٹیگز: