Wed, September 16, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پنجابی زبان اور دیگر اہم اقدامات کے لیے اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پنجابی زبان اور دیگر اہم اقدامات کے لیے اعلان

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجابی زبان کو تعلیم، ثقافت اور عوامی زندگی میں اہم مقام دلانے کے لیے تاریخی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ پنجاب کی ثقافت اور زبان کو اس کی اصل جگہ پر رکھا جائے، اور اس مقصد کے لیے حکومت بھرپور کام کرے گی۔

پنجاب حکومت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، جس کے تحت تعلیم، ماحولیات، جنگلات، وائلڈ لائف، فشریز، ٹورازم، آرکیالوجی، سپورٹس اور لیبر سمیت دیگر شعبوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ان شعبوں میں کارکردگی اور نئے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے محنت کشوں کے لیے جھنگ اور کمالیہ میں 20 ہزار ورکرز کو 3 مرلے کے پلاٹ دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس سکیم کے تحت محنت کشوں کو اپنا گھر بنانے کے لیے خصوصی قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔ مریم نواز نے اس پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

پنجاب کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے وزیراعلیٰ نے سرسبز پنجاب کے منصوبے کو مزید آگے بڑھانے کے لیے ریلوے ٹریک، سڑکوں اور نہروں کے کنارے شجرکاری کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ جنگلات کی حفاظت کے لیے جدید فائر الارمنگ سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ جنگلات میں آگ لگنے سے پہلے ہی خبردار کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے ہر ماہ چیمپئن شپ ایونٹس کرانے کی ہدایت بھی کی۔

اقتصادی ترقی کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے شریمپ فارمنگ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ پنجاب میں شریمپ فارمنگ کے لیے پانچ ہزار ایکڑ زمین پر فروری 2026 سے منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی 50 ہزار ایکڑ پر شریمپ فارمنگ کے لیے فیسبلٹی پلان بھی طلب کیا گیا ہے۔

سیاحت کے شعبے میں مریم نواز نے پنجاب کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے "میگنیفیشنٹ پنجاب" ایپ تیار کی ہے، جس کے ذریعے سیاحوں کو پنجاب کے سیاحتی مقامات کی معلومات آسانی سے ملیں گی۔ انہوں نے ہر ٹورازم سائٹ کے لیے مکمل پیکج پلان بنانے کی ہدایت دی تاکہ سیاحت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

تعلیم کے شعبے میں وزیراعلیٰ نے ٹیکنالوجی کی مدد سے ہر محنتی طالب علم کو لیپ ٹاپ فراہم کرنے کے لیے تجاویز طلب کیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے لاہور میں ایجوکیشن آن ویل کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کرنے کی ہدایت دی تاکہ دور دراز علاقوں میں بھی تعلیم تک رسائی ممکن ہو سکے۔

ٹیگز: