سنگاپور:ایران اور امریکہ کے مابین امن معاہدے کی توقعات کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی مندی ریکارڈ کی گئی ہے اور دونوں بڑے انڈیکس 5 فیصد سے زائد گر گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایشیائی کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی خام تیل کی فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔ عالمی بینچ مارک برینٹ خام تیل کی قیمت میں 5.1 فیصد کی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد اس کا سودا 98.22 ڈالر فی بیرل پر ہوا۔
امریکی مارکیٹ میں ڈبلیو ٹی آئی (WTI) کے سودے 5.2 فیصد کی گراوٹ کے بعد 91.57 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے۔سرمایہ کاروں اور مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے مابین جنگ کے خاتمے اور کسی بھی ممکنہ امن معاہدے کی صورت میں عالمی مارکیٹ میں ایرانی خام تیل کی سپلائی میں بڑی بحالی متوقع ہے، اسی سپلائی بڑھنے کے امکان نے قیمتوں کو یکدم نیچے دھکیل دیا ہے۔