لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہریوں کو اوورچارجنگ سے بچانے کے مشن کے تحت صوبائی انتظامیہ اور پولیس کو متحرک کر دیا ہے۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور بس اڈوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو براہِ راست احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے ہر چھوٹے بڑے بس سٹینڈ پر سرکاری کرایہ نامے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح وارننگ دی کہ مسافروں سے مقررہ شرح سے زائد کرایہ لینے والی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ فوری منسوخ کیے جائیں۔
اوورچارجنگ میں معاونت کرنے والے بس سٹینڈز کا اجازت نامہ (لائسنس) بھی منسوخ کر کے انہیں سیل کیا جائے۔
عید کے موقع پر حادثات کی روک تھام اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے وزیراعلیٰ نے فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی ہر قسم کی ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر بند کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو ارسال کی جائے۔