Wed, September 16, 2026

پاکستان کا امن پر یقین، لیکن دشمن کو منہ توڑ جواب ملے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر

پاکستان کا امن پر یقین، لیکن دشمن کو منہ توڑ جواب ملے گا: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، لیکن اگر بھارت نے دوبارہ کوئی جارحانہ اقدام کیا تو اُسے ماضی سے بھی زیادہ سخت ردِعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے تقریباً ڈھائی ہزار طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور افواجِ پاکستان کے درمیان رشتہ مضبوط اور ناقابلِ شکست ہے، جسے دشمن نے توڑنے کی ہر کوشش کی، مگر ہر بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے مظفرآباد میں شیلنگ کے نتیجے میں 7 سالہ معصوم بچے کی شہادت کے بعد پاکستان نے دشمن کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا اور اسے تباہ کر دیا۔ اسی طرح بھارت کے وہ ہوائی اڈے، جن سے حملہ آور طیارے پرواز کر چکے تھے، انہیں بھی مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستانی افواج نے کبھی بھی شہری علاقوں، مذہبی مقامات یا نہتے افراد کو نشانہ نہیں بنایا، کیونکہ پاکستان ایک امن دوست ملک ہے۔ تاہم اگر دشمن نے دوبارہ کوئی حرکت کی، تو جواب انتہائی سخت اور فوری ہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ چاہے دہشتگردی خیبرپختونخوا میں ہو یا بلوچستان میں، پسِ پردہ بھارت کا ہاتھ کارفرما ہوتا ہے۔ انہوں نے دہشتگرد تنظیموں اور ان کے سرغنہ نور ولی کو ’فتنہ خوارج‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ لوگ اسلام کے نام پر بھارت سے مدد لے کر امت مسلمہ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے افغان حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان مخالف عناصر کے لیے استعمال نہ ہونے دے اور دہشتگردی کے ایجنڈے سے خود کو علیحدہ کرے۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے پُرعزم انداز میں کہا: "آج ایک بار پھر وقت آ گیا ہے، کشمیر بنے گا پاکستان!"

 
 

ٹیگز: