Wed, September 16, 2026

قوم فولادی دیوار بن چکی ہے، دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: : فیلڈ مارشل عاصم منیر

قوم فولادی دیوار بن چکی ہے، دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: : فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی: آرمی چیف اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے لیے جاری جدوجہد، قوم کے پختہ ارادے اور اداروں کے درمیان باہمی ہم آہنگی کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے سرحدی کشیدگی اور آبی جارحیت کو مسترد کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیکلٹی ممبران اور زیر تربیت افسران سے خطاب کیا۔

جنرل عاصم منیر نے آپریشن "بنیان مرصوص" کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور اُن کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی برقرار رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اپنی قیادت کے ساتھ مل کر دشمن کے خلاف مضبوط دفاعی حصار بن چکی ہے، اور ملک کا ہر فرد وطن کے تحفظ کے لیے متحد ہے۔

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے انہوں نے بھارت پر دہشتگردی کی پشت پناہی کا الزام بھی لگایا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی کی مہم کو ہر صورت کامیاب انجام تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے نوجوان فوجی افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی تربیت میں جدت، تحقیق اور پیشہ ورانہ لگن کو اپنا شعار بنائیں، تاکہ مستقبل کے ممکنہ چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے پاک افواج کی مہارت، جذبے اور پیشہ ورانہ معیار کو سراہا۔

ٹیگز: