اسلام آباد: پاکستان کی معیشت میں بہتری کے اشارے سامنے آئے ہیں، جیسا کہ وفاقی حکومت نے اپنی مارچ کی ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کی۔ رپورٹ کے مطابق، جولائی سے فروری کے دوران ترسیلات زر میں 32.5 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا اور یہ 23.96 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ملکی برآمدات میں 7.2 فیصد اضافہ ہوا، اور ان کا حجم 21.82 ارب ڈالر ہو گیا۔ جبکہ درآمدات میں 11.4 فیصد اضافے کے ساتھ ان کا حجم 38.32 ارب ڈالر تک جا پہنچا۔ اس کے ساتھ ہی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 41 فیصد اضافہ ہوا۔
مالیاتی خسارے میں کمی اور ٹیکس وصولیوں میں 25.9 فیصد اضافے کے ساتھ، حکومت کے مالی نظم و نسق کے مثبت اثرات واضح ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، وزیرستان میں تیل و گیس کی پیداوار شروع ہونے کی خوشخبری بھی ہے، جس سے معیشت کو مزید تقویت ملنے کی امید ہے۔