اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی استعداد میں اضافے کے لیے اہم تکنیکی بہتری کے منصوبے پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے، جس کے باعث موبائل فون رجسٹریشن سے متعلق بعض آن لائن سہولیات عارضی طور پر متاثر ہو سکتی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق جاری تکنیکی سرگرمیوں کے دوران ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کی دستیابی میں وقتی خلل آ سکتا ہے اور صارفین کو سروس تک رسائی میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہ اپ گریڈیشن 24 جون کی شام 5 بجے شروع ہوئی اور 25 جون کی صبح 6 بجے تک جاری رہے گی۔ اس عرصے کے دوران نظام میں وقفے وقفے سے تکنیکی تعطل پیدا ہونے کا امکان موجود ہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مواصلاتی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا، ڈیجیٹل سسٹمز کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانا اور صارفین کو زیادہ معیاری، تیز رفتار اور قابل اعتماد خدمات فراہم کرنا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق ماہرین پر مشتمل ٹیمیں اپ گریڈیشن کے عمل پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جا سکے اور خدمات کی بحالی میں تاخیر نہ ہو۔
پی ٹی اے نے متعلقہ اداروں، کاروباری شراکت داروں اور عوام سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ تکنیکی اپ گریڈ مستقبل میں جدید، محفوظ اور مؤثر ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔