Wed, September 16, 2026

فیچر محدود بیٹا صارفین کے لیے جاری، جلد عام صارفین کو دستیابی کا امکان

فیچر محدود بیٹا صارفین کے لیے جاری، جلد عام صارفین کو دستیابی کا امکان

کیلیفورنیا: واٹس ایپ اپنے ویب ورژن میں ایک اہم اور نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس سے صارفین کے لیے گروپ کمیونیکیشن مزید آسان ہو جائے گی۔

اب تک واٹس ایپ ویب پر اگرچہ موبائل ایپ کے بیشتر فیچرز موجود ہیں، تاہم گروپ وائس اور ویڈیو کالنگ کی سہولت دستیاب نہیں تھی۔

Wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق ویب ورژن میں اس وقت صرف ون آن ون چیٹس کے دوران آڈیو اور ویڈیو کال کی سہولت موجود ہے، لیکن کمپنی نے اب بیٹا ورژن میں گروپ چیٹس کے لیے بھی کالنگ فیچر شامل کر دیا ہے۔

اس نئے اضافے کے بعد صارفین ایک ہی گروپ کال میں زیادہ سے زیادہ 32 افراد کو شامل کر سکیں گے، جبکہ اس کالنگ سسٹم کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ بنایا گیا ہے۔

مزید یہ کہ گروپ کالز کے دوران اسکرین شیئرنگ کا آپشن بھی فراہم کیا جائے گا، جس سے صارفین اپنی اسکرین دوسروں کے ساتھ باآسانی شیئر کر سکیں گے۔

جب یہ فیچر تمام صارفین کے لیے جاری کیا جائے گا تو گروپ چیٹ ونڈو میں ایک کال بٹن ظاہر ہوگا، جس کے ذریعے براہ راست وائس یا ویڈیو کال شروع کی جا سکے گی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گروپ کالز کے لیے کال انوائٹ لنکس بھی استعمال کیے جا سکیں گے، جن کے ذریعے دیگر افراد کو آسانی سے کال میں شامل کیا جا سکے گا۔ ہر لنک منفرد ہوگا اور اس کی نقل تیار کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

اگر کوئی کال لنک استعمال نہ کیا جائے تو وہ 30 دن بعد خود بخود غیر فعال ہو جائے گا۔

فی الحال یہ نیا فیچر محدود بیٹا صارفین تک محدود ہے، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے وقت میں اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے گا۔
 
 
 

ٹیگز: