کیلیفورنیا : امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحلی شہر سانتا کروز میں آسمان پر نظر آنے والے بادلوں کی غیرمعمولی ساخت نے شہریوں کو حیرت زدہ کر دیا اور یہ دلکش منظر دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی شام سورج غروب ہونے سے کچھ دیر قبل آسمان پر گہرے سیاہ اور سفید بادل اس انداز میں پھیل گئے کہ وہ سمندر کی اٹھتی ہوئی موجوں کا منظر پیش کرنے لگے۔
قدرت کے اس حسین نظارے کو سورج کی سنہری شعاعوں نے مزید دلکش بنا دیا، جس کے باعث آسمان ایک خوبصورت قدرتی شاہکار کا منظر پیش کر رہا تھا۔
اس منفرد منظر کو دیکھنے والے شہریوں نے اپنے موبائل فونز سے تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کرکے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیں، جہاں یہ مواد تیزی سے مقبول ہوگیا۔
ساحل پر موجود ایک خاتون کی جانب سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو نے بھی صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کی اور دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔