Wed, September 16, 2026

اسحاق ڈار کی فلپائن اور کرغزستان میں اہم سفارتی سرگرمیاں، دورہ مکمل ، اسلام آباد واپسی

اسحاق ڈار کی فلپائن اور کرغزستان میں اہم سفارتی سرگرمیاں، دورہ مکمل ، اسلام آباد واپسی

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار فلپائن اور کرغزستان کے سرکاری دورے مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران اسحاق ڈار نے اہم علاقائی اجلاسوں میں شرکت کی اور پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم نے فلپائن میں آسیان ریجنل فورم اور آسیان وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ دوروں کے دوران پاکستان نے آسیان اور ایس سی او کے پلیٹ فارمز پر فعال سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور علاقائی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم کا یہ دورہ علاقائی شراکت داری، اقتصادی تعاون اور پاکستان کے سفارتی روابط کے فروغ کے حوالے سے اہم رہا۔

ٹیگز: