Wed, September 16, 2026

اسحاق ڈار کا دورہ برطانیہ، ترکیہ اور کرغزستان، فالو اپ امور پر اہم اجلاس

 اسحاق ڈار کا دورہ برطانیہ، ترکیہ اور کرغزستان، فالو اپ امور پر اہم اجلاس

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت وزارت خارجہ میں اہم اجلاس ہوا، جس میں برطانیہ، ترکیہ اور کرغزستان کے حالیہ دوروں کے بعد فالو اپ امور کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کے دوروں کے دوران ہونے والی ملاقاتوں، اہم روابط اور ان کے نتائج پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ ہونے والی حالیہ سفارتی مصروفیات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو دوروں کے دوران زیرِ بحث آنے والے معاملات پر بروقت فالو اپ کرنے کی ہدایت کی۔

نائب وزیراعظم نے طے شدہ امور پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے اور سفارتی روابط سے حاصل ہونے والے نتائج کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے برطانیہ، ترکیہ اور کرغزستان کے مسلسل دورے کیے تھے، جبکہ کرغزستان میں وزیراعظم کے ہمراہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔

اجلاس میں اسپیشل سیکریٹری اقوام متحدہ نبیل منیر سمیت وزارت خارجہ کے دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ حکام کو بین الاقوامی روابط اور ملاقاتوں سے متعلق امور پر بروقت اور مؤثر پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ٹیگز: