گھوٹکی:سندھ کے ضلع گھوٹکی کے ممتاز شاہ محلے میں ٹک ٹاک کی مشہور شخصیت سمیرا راجپوت کی لاش ان کے گھر سے پراسرار حالت میں ملی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان کی موت زہریلی مواد کے استعمال کی وجہ سے ہوئی ہے، تاہم اصل سبب معلوم کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم کے لیے لاش تعلقہ اسپتال بھیج دی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ مقتولہ نے تین سال قبل علی رضا سے طلاق لی تھی۔ سمیرا کی بیٹی کے بیان کے مطابق علی رضا اور اس کے ساتھی عمران نے سمیرا سے دوبارہ شادی کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی، جس کی بنا پر ان کے درمیان جھگڑے بھی ہوئے۔
پولیس نے علی رضا اور عمران کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تفتیش کا انحصار پوسٹ مارٹم رپورٹ پر ہوگا۔
مزید یہ کہ مقتولہ کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ اپنے سابق شوہر پر موت کی دھمکیاں دینے کا الزام لگا رہی ہیں، جس سے معاملہ مزید سنجیدہ ہو گیا ہے۔
پولیس نے مقتولہ کے گھر سے شواہد بھی حاصل کر لیے ہیں اور کیس کی مکمل چھان بین کر رہی ہے۔